اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، عراق کے قومی حکمت دھارے کے رہنما سید عمار حکیم نے مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ محمد اسحاق فیاض کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
سید عمار حکیم نے اپنے پیغام میں امام جعفر صادقؑ کی حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے آیت اللہ العظمیٰ محمد اسحاق فیاض کے انتقال کو امتِ اسلامیہ اور دینی مدارس کے لیے ایک عظیم سانحہ اور ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اس جلیل القدر دینی مرجع کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس اور صدمے کے ساتھ موصول ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نجف اشرف کے حوزۂ علمیہ کے اہم ستونوں میں شمار ہوتے تھے اور اپنے عہد کے ممتاز فقہاء میں سے تھے۔ انہوں نے اپنی بابرکت زندگی دینِ اسلام، مکتبِ اہل بیتؑ اور علومِ دینیہ کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
عمار حکیم نے مزید کہا کہ آیت اللہ فیاض نے ایک مضبوط علمی مکتب کی بنیاد رکھی اور فقہ و اصول کے میدان میں بلند مقام حاصل کیا۔ ہزاروں طلبہ نے ان کے سامنے زانوئے تلمذ تہہ کیا جبکہ ان کی گراں قدر تصنیفات اور عمیق علمی تحقیقات نے اسلامی علمی ذخیرے کو مزید مالا مال کیا۔ انہوں نے اجتہادی فکر کے استحکام، حوزۂ علمیہ کی اصیل شناخت کے تحفظ اور اس کے بنیادی اصولوں کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم مرجع ہمیشہ زہد و تقویٰ کا نمونہ، حکمت و اعتدال کی آواز اور مختلف دینی امور میں مؤمنین کے لیے مرجع و پناہ گاہ رہے۔
عراقی رہنما نے اپنے پیغام میں زور دیا کہ آیت اللہ فیاض کا انتقال نہ صرف حوزۂ علمیہ نجف اشرف کے لیے ایک بڑا نقصان ہے بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ایک عظیم مصیبت ہے، کیونکہ وہ بلند علمی و معنوی مقام کے حامل تھے اور مختلف ادوار میں معاشرے کی رہنمائی، اسلامی اقدار کے استحکام اور امت کے اہداف کے دفاع میں نمایاں کردار ادا کرتے رہے۔
پیغام کے اختتام پر سید عمار حکیم نے اس عظیم سانحے پر حضرت امام مہدیؑ، مراجعِ عظام، علمائے کرام، نجف اشرف اور دیگر ممالک کے دینی مراکز، مرحوم کے اہل خانہ، مقلدین، عقیدت مندوں اور شاگردوں کی خدمت میں تعزیت و ہمدردی پیش کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی وسیع رحمت میں جگہ عطا فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام نصیب کرے، محمدؐ و آلِ محمدؑ کے ساتھ محشور فرمائے اور اسلام و مسلمانوں کے لیے انجام دی گئی خدمات کا بہترین اجر عطا کرے، جبکہ پسماندگان کو صبر و سکون نصیب فرمائے۔
آپ کا تبصرہ